اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں و نمائندگان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔اجلاس کے شرکا کو پاکستان افغانستان صورتحال، ایران، مشرق و سطیٰ و خلیج میں کشیدگی اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی قیادت سے رابطوں پر اعتماد میں لیا، جبکہ اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔شرکاء نے موجودہ حالات میں ملی اتحاد، اتفاق و یگانگت کی ضرورت پر زور دیا اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششوں کو سراہا، اس موقع پر کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں دفتر خارجہ حکام نے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا کہ پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، پاکستان نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملوں کی فوری مذمت کی۔اجلاس کے شرکا نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے وزیرِ اعظم کے اقدام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفی شاہ، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر جمیعت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان شریک ہوئے۔وفاقی وزراء، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی، خالد مقبول صدیقی، چودھری سالک حسین، سید مصطفیٰ کمال، رانا مبشر اقبال، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ خان، معاون خصوصی طلحہ برکی، سینیٹرز شیری رحمان، انوار الحق کاکڑ، منظور احمد کاکڑ، پرویز رشید، حافظ عبدالکریم، فیصل سبزواری، جان محمد بھی اجلاس میں موجود تھے۔اس کے علاوہ ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر، ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور پولین بلوچ بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔ان کیمرا بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا۔
مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان نے تنازع میں کمی کیلئے ہر ممکن کوشش کی، پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ



