اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں موجود پاکستانیوں کو آذربائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان واپس لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں مجموعی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں تمام سکیورٹی اداروں نے موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیلڈ مارشل کی زیر قیادت افواج پاکستان بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کو بخیریت وطن واپس لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ خاص طور پر ایرانی سرحد سے آذربائیجان کے راستے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے تاکہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی کہ وہ آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔



