اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) افغان طالبان کی جارحیت کیخلاف پاکستان کی سیاسی قیادت مادر وطن کیلئے یک زبان ہے اور آپریشن غضب للحق میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاک افواج کے حملوں میں 133 طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے، افغان طالبان کے فوجی ہیڈکوارٹرز، ٹینک، توپ خانے اور چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔
آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچا: عطاء تارڑ
سماجی رابطے کی ویب ایکس پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جانب سے جاری آپریشن غضب للحق میں افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارروائیوں میں 133 کارندوں کی ہلاکت اور 200 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ کابل، پکتیا اور قندھار میں دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کی 27 پوسٹیں تباہ جبکہ 9 پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا۔عطاء اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ دو کور ہیڈکوارٹرز، تین بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، دو ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، تین بٹالین ہیڈکوارٹرز اور دو سیکٹر ہیڈکوارٹرز کو پاک فضائیہ کے طیاروں نے تباہ کر دیا ہے، جبکہ 80 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کئے گئے۔
افغان طالبان کو حملے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی پرزور مذمت کی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی کھلی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے، بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا، افغان طالبان نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی جارحیت ناقابل برداشت ہے، پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہیں،
قوم مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، افغان طالبان نے حملہ کر کے بھیانک غلطی کی، سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، ہم اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے: طلال چودھری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جیسا جواب مشرقی سرحد پر بھارت کو دیا تھا اب ویساہی بھرپورجواب مغربی سرحد پردیں گے، یہ کیسی ریاست ہے جو بچوں کو خودکش بمبار بنا کر بھیجتی ہے، دہشت گردی کےعلاوہ ان کی کچھ اور کرنے کی جرات نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں۔
افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے: طارق فضل چودھری
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، مسلح افواج کے جوان منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان دہشت گردی کو ہر فورم پر اٹھایا، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر طالبان رجیم نے کبھی کارروائی نہیں کی، افغانستان نے 10 ارب مانگا لیکن کوئی گارنٹی دینے کیلئے تیار نہیں تھے۔طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کو استعمال کر رہا ہے، افغانستان ہوش کے ناخن لے، افغانستان دہشت گردوں کو کنٹرول کرے، ہم نے بھارت کو 10 مئی کو عبرتناک شکست دی، بھارت کو دھول چٹائی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریفیں ہو رہی ہے، بھارت کو یہ باتیں ہضم نہیں ہو رہی تھیں، بھارت اب افغانستان کے ذریعے بزدلانہ کارروائیوں کو سپانسر کر رہا ہے، ہم بھارت کو مزید ایکسپوز کریں گے۔
ملکی دفاع ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے: محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے افغانستان کے پاکستان پر بلا اشتعال حملے کی مذمت کی اور رات کی تاریکی میں کئے گئے حملوں کو بزدلانہ قرار دیا۔انہوں نے افغانستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے، ملکی سالمیت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وطن کے دفاع کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ملک کے امن اور سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے: سپیکر قومی اسمبلی
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے افغان جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر جوابی کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایاز صادق نے علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے اور خطے کے امن کو غیر مستحکم کر رہا ہے، افغانستان بھارت کی ایماء پر پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے، رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پر حملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج کسی بھی قسم جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور مسائل کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان کے تحمل اور برداشت کو کوئی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
افغان طالبان ہندوستان کی پراکسی بن کر برادر مسلم ملک پر حملہ آور ہے: خالد مقبول صدیقی
وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ افغان طالبان ہندوستان کی پراکسی بن کر برادر مسلم ملک پرحملہ آور ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں پر حملے کی پُر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے جانباز محافظ اور پوری قوم پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سرحدوں پر موجود سپاہی پاکستان کے دفاع اور حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دہشت گرد تنظمیں افغانستان میں ایکٹو ہیں: بیرسٹر دانیال چودھری
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظمیں افغانستان میں ایکٹو ہیں۔’’دنیا نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان چاہتا ہے خطے میں دہشت گردی کو رکنا چاہئے، پاکستان خطے میں استحکام چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مطالبہ ہے افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو، پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا تھا، پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کو مہمان بنا کر رکھا۔
افغانستان نے احسان فراموشی کی ہے: شرجیل میمن
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ افغانستان نے احسان فراموشی کی ہے، پاکستان نے ہرمشکل وقت میں افغانستان کی مدد کی، دہشت گردوں نے اے پی ایس میں معصوم بچوں کو شہید کیا، دہشت گردوں نے مساجد، امام بارگاہوں سمیت ہر جگہ دہشت گردی کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کو بھائیوں کی طرح رکھا، افغان طالبان رجیم نے ہمیشہ پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا، افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے: شیری رحمان
رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ افغانستان کو پتا چل جائے گا کیسے جواب دیا جاتا ہے۔دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا، افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے، پاکستان افغانستان کو مؤثر اور بھرپور جواب دے رہا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، کلبھوشن یادیو کہاں سے آیا تھا؟ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے پاکستان کی سفارتی کامیابیاں برداشت نہیں ہو رہیں، افغانستان کو بھارت کی پراکسی نہیں بننا چاہیے، پاکستان اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کرے گا۔



