راولپنڈی (نیشنل ٹائمز)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 34 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ 24فروری کو خیبرپختونخوا میں چار مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 خوارج ہلاک کیے گئے ۔سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے مقابل پاکستان افغانستان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کی اطلاع ملی، جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا، کارروائی کے نتیجے میں ایک خارجی ہلاک ہوا جو افغان شہری تھا۔ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ ضلع بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں مزید 12 خوارج مارے گئے ۔ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا،ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔آئی ایس پی آر کاکہناتھاکہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیلئے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔دوسری طرف خیبر پختونخوا میں باجوڑ کے علاقے نوے کلے میں نامعلوم افراد نے ابابیل فورس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابابیل فورس کے اہلکار رمضان کے حوالے سے معمول کی گشت پر تھے ، شہید پولیس اہلکاروں میں یار زادہ، داؤد، عمران اور سراج شامل ہیں۔ زخمی دو اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال خار منتقل کردیا گیا ۔ پاک افغان سرحدی شہر چمن میں مسلح افراد کی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ سے تین اہلکار شہیداور ایک زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق بدھ کو چمن میں روغانی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین اہلکار لانس نائیک محمد وسیم،حوالدار محمد جمشید ، سپاہی قاسم ضیا شہید جبکہ نائیک محمد قاسم زخمی ہوگیا ۔واقعہ کے بعد حملہ آورفرار ہوگئے ۔
سکیورٹی آپریشنز: خیبرپختونخوا و بلوچستان میں 34 دہشتگرد ہلاک، باجوڑ میں 4 اہلکار شہید، 2 زخمی



