اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کے لئے اقتصادی اصلاحات کو وقت کا اہم تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مجموعی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ،وفاق ،صوبے اور عسکری قیادت مل کر ملکی ترقی کے لئے کام کریں تو ملک کی جلد قسمت جلد بدل جائے گی،اڑان پاکستان پر عمل کر کے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بہترین فورم ثابت ہوگا، بالواسطہ ٹیکسز میں چوری کو روکا جائے گا ،اگلے بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کرنا ہوگی۔ برآمدات میں اضافہ کی بے پناہ گنجائش ہے ، 200 ارب روپے کی بجلی چوری کی روک تھام کرنا ہو گی ،مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 10 فیصد پر ہے۔آئی ٹی برآمدات میں 34 فیصد کا اضافہ ہوا ،دو سالوں میں بجلی کی قیمت ساڑھے آٹھ ،9 روپے فی یونٹ کم ہوئی ،پی ڈبلیو ڈی اور یوٹیلٹی سٹور جیسے اداروں کے خاتمے سے خزانے پر بوجھ کم ہوا ، نوجوانوں کو عصر حاضر کے علوم سے لیس کریں گے ۔پاکستان گورننس فورم 2026 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہناتھاکہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی شرائط ہیں لیکن بعض اصلاحات ہماری اپنی ہیں جن سے آئی ایم ایف کا کوئی تعلق نہیں ، وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ان پر عمل کریں ،اقتصادی اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے ہمراہ پی ایس ڈی پی ڈیٹا پورٹل کا اجرا بھی کیا۔دریں اثنا وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
200ارب روپے کی بجلی چوری،روک تھام کرنا ہوگی:شہباز شریف



