اسلام آباد،راولپنڈی (نیشنل ٹائمز) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹیرینز آج (جمعرات کو)دوپہر 12 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے ، گزشتہ ایک سال کے دوران 17 مرتبہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور 14 مرتبہ سپریم کورٹ جا چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز مقرر کیے جائیں اور ان کی سماعت کی جائے ۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی تک وکلا، اہلِ خانہ اور ڈاکٹر کو رسائی دینے کی درخواست دائر کی گئی ہے ، جبکہ علاج سے متعلق دوسری درخواست بھی سپریم کورٹ میں فائل کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سینئر وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواست بذریعہ ڈاک جمع کرائی گئی، جس پر رجسٹرار کی طرف سے پیغام ملا ہے کہ درخواست لگا دی جائے گی۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی تک ان کے معالجین اور اہل خانہ کی رسائی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتیں نہیں کرائی جا رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہفتہ وار دو ملاقاتوں کا حکم دیا تھا جن میں ایک دن وکلا اور ایک دن اہل خانہ سے ملاقات کے لیے مقرر کیا گیا۔ ان کے مطابق وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملاقات کرانے کی ہدایت کی گئی تاہم اسی روز جیل جانے کے باوجود ملاقات ممکن نہ بنائی گئی۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس صورتحال پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی مگر وہ بھی سماعت کے لئے مقرر نہ ہو سکی ۔ مزید برآں دنیا نیوز کے پروگرام‘ دنیا مہربخاری کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سردارلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی فکر اور غصہ جائز ہے ، علیمہ خان یہ سمجھتی ہیں کہ ان کا بھائی عمران خان اڑھائی تین سال سے جیل میں ہے میں ابھی تک ہم ان کو رہا نہیں کرواسکے تو وہ سچی ہیں لیکن کیا کریں، فسطائیت اتنی زیادہ ہے کہ26 ویں اور 27 ویں ترامیم کے بعد عدلیہ کوکمزور کردیا گیا ، اس میں وکیل بیچارہ کیا کرے ؟
پارلیمنٹیرینز آج اسلام آباد ہائیکورٹ جائینگے :گوہر



