ڈیرہ اسماعیل خان (نیشنل ٹائمز) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا قریشی موڑ کے قریب نور عالم محسود کے گھر میں شادی کی تقریب کے دوران ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ضلعی پولیس آفیسر کے مطابق واقعے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ 7 زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ زخمیوں میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود بھی شامل ہیں، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈی آئی خان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ذمہ دار عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی آئی خان: امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر خودکش دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی



