کراچی(نیشنل ٹائمز)کراچی کی سڑکوں پر ڈمپرز کا خونی کھیل جاری رہا، رامسوامی نشتر روڈ کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئی۔
مشتعل عوام نے ڈمپر کو آگ لگا دی، متوفی کے والد نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کر دیا، ڈمپرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود مسلح گارڈز کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے، لیاقت محسود کو دیکھ کر عوام مزید بھڑک اٹھے۔ڈمپرز ایسوسی ایشن کے صدر کے ساتھ آئے گارڈ نے ہوائی فائرنگ کردی، لیاقت محسود نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، میری ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے کہا کہ کہا قیمتی جان کے ضیاع پر افسوس ہے، رامسوامی میں عوام پر فائرنگ قابل مذمت ہے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں پر فائرنگ کے خلاف پولیس نے فوراً ایکشن کیوں نہیں لیا؟ معاملات کو بگاڑنے کے بجائے افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، مشتعل افراد نے ڈمپر نذرآتش کردیا
	

 
 
 
 
 
 
 
 
