پشاور(نیشنل ٹائمز) نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں کسی آئینی عہدیدار کو نامزد کرکے نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کی استدعا کی گئی۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے دوران سماعت نے استفسار کیا کہ کیا مسئلہ ہے؟ سلمان اکرم راجہ کے علاوہ سب بیٹھ جائیں۔سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ آرٹیکل 130 کے تحت جب وزیر اعلیٰ نے استعفیٰ دے دیا تو بات ختم ہوگی ہے،جب استعفیٰ جمع ہو جائے تو قانون میں اس کی منظوری کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ آپ نے خط میں آرٹیکل 255 کا حوالہ دیا ہے، جس کے تحت یہ انتظامی آئینی پاور ہوتی ہے چیف جسٹس کے پاس کہ کسی کو حلف لینے کیلئے نامزد کریں۔چیف جسٹس نے کہا کہ کیا وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہوا ہے؟ جس پرجواب دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے استعفیٰ وصولی کی تصدیق کی ہے، سپیکر نے الیکشن شیڈول جاری کیا اور 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے،آج خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، اپوزیشن لیڈر نے اعتراض اٹھایا کہ یہ الیکشن غیر قانونی ہے۔عدالت نے پوچھا کیا یہ اعتراض تحریری تھا یا زبانی تھا، جواب میں پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے زبانی پور پر اعتراض اٹھایا، گورنر خیبرپختونخوا نے ٹویٹ کیا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوگیا ،جس کے بعد تمام مسئلہ ختم ہوگیا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہاتھ سے لکھا گیا استعفیٰ گورنر کو ارسال کیا، 12 اکتوبر کو گورنر نے حیران کن خط علی امین گنڈاپور کو ارسال کیا، گورنر نے خط لکھا کہ آپ کے لکھے گئے دونوں خطوط میں الگ الگ دستخط ہے اس لیے علی امین گنڈاپور کو 15 اکتوبر کو گورنر ہاؤس طلب کیا گیا۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کیا کہتے ہیں جس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نے کوئی پیٹیشن دائر نہیں کی ہے۔عدالت نے کہا یہ بات چھوڑیں ہم آئینی پٹیشن نہیں سن رہے، بلکہ یہ انتظامی درخواست ہے، ان کو کیا جلدی ہے ، گورنر صوبے سے باہر ہے انتظار کیا جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ معاملے میں گورنر کا جواب لازمی ہے، گورنر کے جواب کے بغیر درخواست پر فیصلہ کیا تو ایک اور پٹیشن ہمارے خلاف آجائے گی،عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف کیلئے آئینی عہدیدار کی نامزد گی بارے درخواست پر سماعت
