لاہور(نیشنل ٹائمز) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 100 ٹن سامان پر مشتمل مجموعی طور پر 24 ویں امدادی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی۔امدادی سامان بذریعہ خصوصی پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا، روانہ کیے گئے امدادی سامان میں راشن بیگز بشمول آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ شامل ہیں۔اب تک 24 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 2327 ٹن ہے، تقریب میں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے افسران سمیت حکومتی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔حکومت پاکستان اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
الخدمت کے تعاون سے فلسطین کے لیے 24ویں امدادی کھیپ روانہ
