اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ پاکستان کے لئے وبالِ جان بن گیا۔
آئندہ چھ برس میں بینکوں سے سستا قر ض لیکر سرکلر ڈیٹ ختم کر دینگے ،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاور سیکٹر کا ایک ہزار 225 ارب کا گردشی قرضہ بینکوں سے سستا قرضہ حاصل کر کے آئندہ 6 برسوں میں ختم کر دیا جائے گا ، ماضی میں مہنگے قرضے لئے گئے تاہم موجودہ حکومت نے بینکوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کر کے ساڑھے 3 سے ساڑھے 5 فیصد کم سود کے ساتھ سستا قرضہ حاصل کیا، ہم نے اس فیصلے کا بوجھ عوام پر پڑنے نہیں دیا ،وزیر توانائی نے مزید کہاکہ اگر آئندہ 6 برسوں میں بجلی کا استعمال زیادہ ہوا تو ممکن ہے کہ بقیہ گردشی قرضہ مقررہ مدت سے قبل ہی ختم ہو جائے ،انہوں نے بتایا کہ انرجی سیکٹر پر مجموعی طور پر 2400 ارب روپے کا گردشی قرضہ تھا، جس میں سے ہم نے 800 ارب کا قرض بہترین پرفارمنس کے ساتھ بغیر قرضہ لئے ختم کیا،اویس لغاری نے کہا کہ چوری اور بہترین ریکوری کی مد میں ہم نے 242 ارب روپے کا قرضہ ختم کیا۔سود پر انٹرسٹ ریٹ کم ہونے سے 175 ارب روپے ، مائیکرو اکنامک کنڈیشنز میں بہتری کے باعث 363 ارب روپے ، آئی پی پیز کے ساتھ ازسر نو معاہدوں ، لیٹ پیمنٹ چارجز ختم کرنے کے باعث مجموعی طور پر 816 روپے کا گردشی قرضہ کم کیا گیا، جس سے کُل گردشی قرضہ 2 ہزار 393 ارب سے کم ہو کر 1614 ارب پر آگیا ۔وزیر توانائی نے بتایا کہ پاور سیکٹر پر سال 2018 میں گردشی قرضہ تقریباً ایک ہزار 100 ارب رورپے تھا، 2022 میں یہ بڑھ کر تقریبا 2 ہزار 280 ارب روپے تک پہنچ گیا، گزشتہ برس جب ہم نے حکومت سنبھالی تو گردشی قرضے کا کل حجم 2 ہزار 400 ارب کے قریب تھا، ہم نے ایک سال میں بغیر کوئی نیا قرض لئے اور عوام پر بوجھ بڑھائے تقریبا 800 ارب روپے کی ریکارڈ کمی کی،اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بھر پور منصوبہ بندی کے تحت لائی گئی اس سکیم سے گردشی قرضے کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ممکن ہو جائے گا، پاکستان کی اکانومی ، انرجی سیکٹر پر انحصار کرتی ہے ، معیشت کی بہتری کے لئے پاور سیکٹر میں اس سے قبل ایسا اقدام نہیں اٹھایا گیا تھا ۔
بینکوں سے سستا قر ض لیکر 6سال میں سرکلر ڈیٹ ختم کر دینگے:وزیر توانائی



