ملتان(نیشنل ٹائمز)ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے سیلاب کے حوالے سے جنوبی پنجاب کی صورتحال کو چیلنجنگ قرار دے دیا۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلالپور پیر والا کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ جلالپور پیروالا کو تین دریاؤں راوی، چناب اور ستلج کا پانی متاثر کررہا ہے، چند گھنٹے پہلے ایک شگاف پڑنے سے پانچ چھ مزید آبادیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تمام لوگوں کے انخلا کو یقینی بنایا جارہا ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج جلال پور پیروالا کا دورہ کریں گی،175 سے زائد ریسکیو کی بوٹس جلال پور پیروالا میں کام کررہی ہیں، لوگوں نے انخلا سے گریز کیا، جو ہمارے لیے ایک چیلنج بنا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شگاف پر کرنے کے لیے تمام مشینری کام کررہی ہے، پاک آرمی ایک ہفتہ سے ریسکیو کے ساتھ جلالپور پیروالا میں موجود ہے،بھارت سے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنے کا سلسلہ رک چکا ہے،بھارت صرف اپنی ضرورت کےمطابق اپنی ڈاؤن اسٹریم نہروں میں پانی چھوڑ رہا ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ نارووال، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی آرہی ہے، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ میں کافی تیزی سے پانی اتر رہا ہے،پانی اترنے والے علاقوں میں ریلیف کیمپوں سے لوگ واپس جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے تین دن کا بڑا چیلنج ساؤتھ پنجاب ہے، ملتان کی صورتحال تشویشناک ہے،مظفرگڑھ، لیاقت پور اور رحیم یارخان کی صورتحال تشویشناک ہوگی۔
ملتان کی صورتحال تشویشناک، اگلے تین دن کا بڑا چیلنج جنوبی پنجاب ہے: ڈی جی پی ڈی ایم اے
