ویب ڈیسک(نیشنل ٹائمز) کراچی میں ادھورے ترقیاتی کام معمولی بارش کے بعد ہی شہریوں کیلئے عذاب بن گئے۔
کراچی میں منگل کی صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے کئی سڑکوں اور علاقوں میں بارش کا پانی بھی جمع ہوگیا ہے۔شہر کی مختلف مصروف سڑکوں پر ادھورے ترقیاتی کام معمولی بارش کے بعد ہی شہریوں کیلئے عذاب بن گئے ہیں۔لیاقت آباد میں سیوریج لائنیں ڈالنے کے بعد گڑھوں کو بند کیے بغیر ہی چھوڑ دیا گیا تھا جس میں بارش کا پانی بھی جمع ہوگیا جب کہ لیاقت آباد ڈاکخانہ پر سیوریج لائن کے گڑھوں میں متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کی سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ اپنی مدد آپ کے ذریعے ہم نے ارد گرد پتھر رکھے تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو ، انتظامیہ کی جانب سے اب تک سڑک کو بہتر کرنے کا کام شروع نہیں ہوا۔اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد کے مطابق سڑک دھنسنے سے متعلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے اور ٹریفک پولیس کو بھی ٹریفک کو متبادل راستہ دینے کاکہا ہے۔
کراچی: ادھورے ترقیاتی کام معمولی بارش کے بعد مصیبت بن گئے، سڑکیں دھنسنے لگیں



