حیدرآباد (نیشنل ٹائمز) 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی مختلف علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی۔
گزشتہ روز حیدرآباد میں کلاؤڈ برسٹ ہوا جس کے باعث شدید موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق حیدرآباد میں کل ایک گھنٹے کے دوران 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔تاہم اب حیدرآباد میں بارش رکے 14 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی اب بھی موجود ہے۔پریٹ آباد اور لطیف آباد سمیت دیگر علاقے زیر آب آگئے ہیں جس وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے پانی کی نکاسی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ترجمان حیسکو کا دعویٰ ہے کہ حیدر آباد ضلع کے 153 فیڈرز میں سے 139 فیڈرز بحال کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب میئر حیدرآباد کا کہنا ہےکہ کئی علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی ہے اور وہاں نکاسی آب جاری ہے، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔اس کے علاوہ سندھ کے علاقے بدین، سجاول، ٹنڈو الہ یار اور ٹنڈو محمد خان میں بھی بارش ہوئی ہے۔
حیدرآباد: 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں کئی فٹ بارش کا پانی جمع



