لاہور (نیشنل ٹائمز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کم عمر ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لاہور سمیت پورے صوبے میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیورز کو کسی صورت بھی سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائے گا کیونکہ یہ حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے خلاف ورزی کرنے والے اور کم عمر ڈرائیورز کی نشاندہی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
مزید برآں، سڑکوں پر جانی نقصانات کا سبب بننے والے کم عمر ڈرائیورز کے والدین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کا بھی تاکید کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی ٹی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران اور ڈی پی اوز کو فیلڈ میں نکل کر ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔



