باجوڑ (نیشنل ٹائمز) دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی اور تحصیلدار سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کے مطابق باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ میں آج دوپہر اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی کی گاڑی کو شرپسند عناصر نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناواگئی عبد الوکیل، پولیس اہلکار نور حکیم اور زاہد سمیت ایک راہگیر شہید ہوا۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے مطابق دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔پولیس لائن باجوڑ میں شہدا کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی جس میں انتظامی افسران، پولیس افسران، سیاسی و علاقائی عمائدین، شہدا کے لواحقین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔دوسری جانب وزیر اعظم نے واقعے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کوہرممکن طبی سہولتیں فراہم کرنےکی ہدایت جاری کیں۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے تحصیل خار میں سرکاری گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہید اے سی فیصل سلطان، تحصیلدار عبدالوکیل سمیت شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
باجوڑ میں دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار ناواگئی سمیت 5 افراد شہید
