اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں لہٰذا افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا، پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے مسلح افواج نے دہشتگردی خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کیا، ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشنز نے دہشتگردوں کی کمر توڑی، ڈیجیٹل پروپیگنڈا موجدہ دور کا ایک پیچیدہ چیلنج ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نےکبھی دہشتگردی کو دعوت نہیں دی لیکن جب وہ آئی تو ہم جھکے نہیں بلکہ لڑے، پاکستان کی ڈکشنری میں سرینڈر کرنا شامل نہیں ہے، دنیا سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ، قربانیوں اور عزم کا احترام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیتوں سے سیکھے، دہشتگردی کے تدارک کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، آئیں کشمیر، پانی اور دہشتگردی پربات کریں۔ چیئرمین پی پی کاکہنا تھا کہ طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔
طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں: بلاول
