اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) جوڈیشل کمیشن نے پشاور، بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔
چار ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تقرری کے لیے ہر ہائی کورٹ کے سینئر ترین تین ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دی ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگرکے نام کی منظوری دی گئی۔جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس روزی خان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے سینیئر ترین جج جسٹس جنید غفار کے نام کی منظوری دی۔
جوڈیشل کمیشن نے تقرری سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کر دیا
جوڈیشل کمیشن نے ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تقرری سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آرٹیکل 175 اے کی ذیلی شق 8 کے تحت ججز کے تقرر کی کارروائی مکمل کریں۔واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے13مستقل اراکین ہیں تاہم ہائی کورٹ کےچیف جسٹس کے لیے کمیشن کے ممبران کی تعداد 16 ہوتی ہے جب کہ کم ازکم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر ہوتا ہے۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی اراکین اور 2 اپوزیشن اراکین شریک ہوئے۔ ہر صوبے کے چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیر قانون، ہائی کورٹ بار نمائندہ اور سابق جج شریک ہوا۔جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون نے کی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی نامزد روشن خورشید بھروچہ بھی شریک ہوئیں۔
جوڈیشل کمیشن نے پشاور، بلوچستان، سندھ اور اسلام آبادہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کے ناموں کی منظوری دیدی
