سٹراس برگ (نیشنل ٹائمز) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ مسٹر ڈیوڈ میک ایلسٹر سے اہم ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا کی نازک صورت حال، خاص طور پر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے میں قیام امن اور تنازعات سے بچاؤ کے لیے موثر لائحۂ عمل کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔ پاکستانی وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی امن کو یقینی بنانے کے لیے فعال سفارت کاری اور مذاکراتی میکانزم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وفد نے یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ امن اور انصاف کو برقرار رکھنے والے کثیرالجہتی فریم ورک کی حمایت میں ایک فعال اور مؤثر کردار ادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو فروغ دیا جا سکے۔



