برسلز (نیشنل ٹائمز) سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے بیلجیئم کی فارن افیئرز کمیٹی کی وائس چیئر محترمہ کیٹلین ڈیپورٹر (Mrs. Katleen Depoorter)، چیئرمین پاکستان-بیلجیئم پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ فرانکیم بیلجینڈ، اور بیلجیئم کی سینیٹ و ایوان نمائندگان کے ارکان سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے خطے میں کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری پر پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، ترقی اور مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات کا حامی ہے اور کسی بھی یکطرفہ جارحانہ اقدام کے خلاف ہے۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا، اور تعلیم، تجارت، موسمیاتی تبدیلی، اور ٹیکنالوجی جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔
اعلیٰ سطحی وفد میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن و سابق وزیر اطلاعات و ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن و سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت، دفاع و امور خارجہ انجینئر خرم دستگیر خان، اور سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر و سابق وزیر برائے بحری امور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری شامل تھے۔



