لاس اینجلس (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر ان تمام فلموں پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کے عمل کی منظوری دے رہے ہیں جو دیگر ممالک میں تیار کی گئی ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ امریکہ میں فلمی صنعت بہت تیزی سے دم توڑ رہی ہے۔
ٹرمپ نے اس صورتحال کو قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ دوسرے ممالک ہمارے فلمسازوں اور اسٹوڈیوز کو امریکہ سے دور کرنے کے لئے ہر طرح کی ترغیبات دے رہے ہیں ۔ ہالی ووڈ اور امریکہ میں کئی دیگر علاقوں کو تباہ وبرباد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس لئے وہ محکمہ تجارت اور امریکہ کے تجارتی نمائندے کو یہ اختیار دے رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر ملک میں آنے والی ان تمام فلموں پر 100 فیصد ٹیکس کی وصولی شروع کریں جو بیرون ملک تیار کی جارہی ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ میں بنائی جانے والی فلمیں دوبارہ بنیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے غیرملکی فلموں پر 100 فیصد ٹیکس عائد کردیا



