پشاور(نیشنل ٹائمز) خیبر پختونخوا حکومت نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کہ آج کابینہ اجلاس میں سمری پیش اور منظور کرائی جائے گی ، 9 مئی واقعات سے رجیم کی تبدیلی تک کی سمری تیار کر لی گئی، سمری پر کابینہ سے منظوری کے بعد پشاور ہائی کورٹ سے کمیشن بنانے کی درخواست کی جائے گی۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ سمری میں 9 مئی واقعات سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری اور ہراساں کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے ، نگران حکومت کا 90 دن سے زائد حکومت قائم رہنا اور پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھننا بھی سمری میں شامل ہے۔ صوبائی حکومت کاکہنا ہے کہ فارم 45 اور 47 کا ایشو بھی سمری میں شامل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات کو فالس فلیگ آپریشن قرار دے کر پہلے ہی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر چکی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کا کہنا ہے ک 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، شفاف انتخابات کی طرح 9 مئی کی تحقیقات بھی ملک کی ضرورت ہے ، 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کا مقصد پی ٹی آئی کو کچلنا تھا۔ زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ دھاندلی کرکے فارم 47 کی بنیاد پر ایک جعلی حکومت بٹھائی گئی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصا ف کے رہنماء شاہ محمودقریشی کو 9مئی مقدمات کی تفتیش کے دوران قصور وار قرار دیدیا گیا ہے، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے دہشتگردی سمیت 7مقدمات میں سابق وزیرخارجہ کو قصور وار قرار دیا،شاہ محمود قریشی کو تمام مقدمات کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے متضاد بیانات اور شواہد کی بنا پر قصوروار قرار دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے ۔ جلاو گھیراو اور پر تشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا۔جے آئی ٹی کی تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی۔رہنماءپی ٹی آئی کو ساتوں مقدمات میں قصور وار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا۔



