اسلام آباد (نیشنل ٹائمز )قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے ثنا اللہ مستی خیل کی رکنیت معطل کردی گئی۔سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا جس کے دوران سنی اتحاد کونسل کے رکن ثنا اللہ مستی خیل نے بجٹ سے متعلق تقریر کے دوران خواجہ آصف کو مخاطب کرکے نازیبا الفاظ ادا کئے ۔اپوزیشن رکن کی جانب سے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن)اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین آپس میں الجھ پڑے، اس دوران ڈپٹی سپیکر نے اجلاس میں 15 منٹ کا وقفہ کردیا۔بعد ازاں اجلاس شروع ہوا تو حکومتی خواتین اراکین نے نعرے بازی اور احتجاج کیا، حکومتی خواتین اراکین پارلیمنٹ نے ثنا اللہ مستی خیل کی رکنیت پورے جاری سیشن کے لئے معطل کرنے کا مطالبہ کیا، اس دروان سنی اتحاد کونسل کے رکن پارلیمنٹ نے احتجاج کرنے والی خواتین کو منانے کی کوشش کی جب کہ مظاہرہ کرنے والی خواتین اراکین نے ثنااللہ مستی خیل کو معاف کرنے سے انکار کر دیا۔حکومتی خواتین اراکین ثنا اللہ مستی خیل کی معطلی کے لئے نعرے بازی کرتی رہیں جس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے ثنااللہ مستی خیل کی اس سیشن کے لیے رکنیت معطل کر دی۔سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ ثنااللہ مستی خیل کے بیان کی کیسے مذمت کروں، ثنا اللہ مستی خیل موجودہ سیشن میں ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں ہوں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس، نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ثنا اللہ مستی خیل کی رکنیت معطل



