وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بلاول کی حکومت کو بجٹ منظوری میں تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)بجٹ پر تحفظات کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے تمام تحفظات دور کرنے جبکہ بلاول نے بجٹ کی منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم ہائوس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ وزیر اعظم ہاس پہنچے۔بلاول بھٹو نے بجٹ پر اپنی پارٹی کے تحفظات وزیر اعظم کو پیش کیے۔ ملاقات کے بعد شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو بجٹ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ بلاول بھٹو نے بجٹ منظوری میں تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا اور اعتماد میں نہ لینے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔بلاول بھٹو نے وزیر اعظم سے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی مگر حکومت اس معاہدے پر عمل نہیں کررہی۔ اس کے علاوہ پی پی چیئرمین نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کے خلاف کیے گئے اقدامات پر بھی شکوہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں پیپلزپارٹی کو محدود کررہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کے بیشتر نکات سے اتفاق کیا اور معاملات کے حل کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں (آج) جمعہ کو ملاقات کرکے وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریے آ رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کاروباری طبقے کی طرف سے بجٹ کی توثیق ہے، ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو عید الاضحی کی مبارک باد کیلیے فون کر کے انہیں بجٹ سے متعلق تحفظات پر بات چیت کیلیے مدعو کیا تھا۔



  تازہ ترین   
وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سہ روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ
بھارت کشمیر میں غلط معلومات پھیلا کر اپنے مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا: دفتر خارجہ
ایران میں ایک حلقہ مذاکرات، دوسرا جنگ جاری رکھنے کا حامی ہے: جے ڈی وینس
اسحاق ڈار کی مسجد نبوی ﷺ میں حاضری، پاکستان کی ترقی کیلئے دعا
وزیراعظم اپنی مدت پوری کرینگے، تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے: محسن نقوی
امریکا دوبارہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے تیار ہو گیا: ایرانی وزارت خارجہ
عالمی منڈیوں میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں پھر مہنگا
عمان سے ممکنہ بحری معاہدہ آبنائے ہرمز کی فوری بحالی کی ضمانت نہیں: ایران





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر