اسلام آباد، کوئٹہ (نیشنل ٹائمز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ مکانات تباہ ہو گئے، سیلابی ریلہ گھروں میں داخل ہوگیا،آندھی طوفان اور مٹی کے طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ادھر دکی میں مسلسل طوفانی بارش کا سلسلہ تھم گیا مگر شہر میں موجود درجنوں گھر منہدم ہوگئے۔ ناصر آباد کے علاقے میں سیلابی ریلہ گھروں میں داخل ہوا، 15مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ متعدد مکانات کوجزوی نقصان پہنچا ہے۔مکانات گرنے سے قیمتی سامان، سونا اور فرنیچر سمیت دیگر سامان گھر کے ملبے تلے دب گیا۔ شہر میں طوفانی بارشوں کے باعث سینکڑوں متاثرین کی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق دکی کے مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تاحال کوئی امدادی سامان نہیں پہنچایا گیا۔دوسری جانب حب اوتھل کے شہراورگردونواح میں تیز ہواں کے ساتھ بارش جاری ہے ۔ادھر مہیڑ،دادو،ٹنڈورحیم اورکاچھو کے علاقے میں مٹی کا طوفان آیا جبکہ کاچھو پہاڑی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے ۔ مٹی کا طوفان آنے کے ساتھ ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی۔ قمبر شہداد کوٹ کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ تیز آندھی چلنے کی وجہ سے کچے مکانات اور ٹھیلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوران آندھی متعدد علاقوں میں بجلی بھی معطل ہوگئی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں جاری، آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی، 15 مکانات تباہ ہو گئے، سیلابی ریلہ گھروں میں داخل ہوگیا



