کراچی (نیشنل ٹائمز) معروف اداکار، صدا کار اور ہدایت کار طلعت حسین کی نماز جنازہ ادا، سپرد خاک کردیا گیا۔سینئر اداکار طلعت حسین کی تدفیق ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی گئی، نماز جنازہ میں رشتہ داروں ، دوستوں اور شوبز شخصیات نے شرکت کی۔طلعت حسین کے انتقال کی افسوسناک خبر اُن کی صاحبزادی تزین حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ کے ذریعے دی۔
تزین حسین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر والد طلعت حسین کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کررہی ہوں کہ میرے پیارے والد طلعت حسین صاحب خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد طلعت حسین کی مغفرت کیلئے دُعا کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا تعزیتی پیغام
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طلعت حسین ایک لیجنڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا۔ ٹی وی، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار طلعت حسین کی وفات پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین نےاپنی اداکاری سے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی، ٹیلی وژن، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ طلعت حسین کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے کبھی پُر نہیں کیا جا سکے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے بھی طلعت حسین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طلعت حسین نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا، مرحوم ایک حقیقی استاد تھے۔



