غزہ(نیشنل ٹائمز) وسطی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں غیر ملکی این جی او ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کے 7 امدادی کارکن ہلاک ہوگئے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق اپنے بیان میں ڈبلیو سی کے نے کہا کہ ہلاک امدادی کارکنان کا تعلق فلسطین، آسٹریلیا، پولینڈ اور برطانیہ سے ہے جبکہ ان میں امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھنے والے کارکنان بھی شامل ہیں۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ امدادی کارکنان 3 گاڑیوں کے قافلے میں سفر کررہے تھے جن پر ڈبلیو سی کے کا لوگو موجود تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو اپنی نقل و حرکت سے آگاہ رکھنے کے باوجود قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دیر البلح میں موجود گودام پر امدادی سامان اتار کر واپس آرہے تھے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے امدادی کارکنوں کو خوف زدہ کرنے اور انہیں ان کے کام سے روکنے کی کوشش ہے۔
غزہ: اسرائیلی حملے میں غیر ملکی این جی او کے7 امدادی کارکنان ہلاک



