لاہور (نیشنل ٹائمز) انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان ، برسوں سے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کامران غلام کو ایک مرتبہ پھر ڈراپ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
انگلش ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان ہوگیا ہے، قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں نعمان علی اور عامر جمال کی واپسی ہوئی ہے۔ اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑی 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہوں گے جبکہ قومی ٹیم کا کیمپ یکم اکتوبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔ مہمان انگلینڈ کی ٹیم 2 اکتوبرکو ملتان میں لینڈ کرے گی، انگلینڈ کی ٹیم کا 3 اکتوبر کو ریسٹ ڈے رکھا گیا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کا 3 اکتوبر کو پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔ لاہور میں کنکنشن کیمپ کے بعد ریڈ بال ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی فیصل آباد میں پہنچے، سلیکشن کمیٹی کے ارکان محمد یوسف اور اسد شفیق بھی پہلے سے وہاں چیمپئنز کپ میں قومی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے رہے تھے، سلیکشن کمیٹی کے نان ووٹنگ ممبرز بھی وہاں موجود تھے۔ سلیکشن کمیٹی ارکان، کپتان اور ہیڈ کوچ کے ساتھ مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کی لسٹ کو فائنل کیا گیا۔



