وزیراعظم کا ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدوں پر منکی پاکس کی اسکریننگ سخت کرنے کا حکم

اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدوں پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے،اس حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت منکی پاکس سے متعلق اہم اجلاس ہفتہ کو وزیر اعظم ہائو س میں ہوا، جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال، مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز ، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستبابی اور اسکریننگ کے نظام سے متعلق بھی شرکاکو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، قومی ادارہ صحت، این سی او سی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت، سیکرٹری اور ڈی جی صحت بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ اور ائرپورٹس پر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جب کہ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا گیا جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدوں پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مور بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیراعظم کی بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور اس حوالے سے روانہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ مزید برآں انہوں نے منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے منکی پاکس کے پھیلا کو روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر سے روابط بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے منکی پاکس کے حوالے سے موثر اور جامع آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس کی حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔ اجلاس کو ملک میں منکی پاکس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا؛ متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ؛متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 14 اگست 2024 کو منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جنسی قرار دیا گیا جس کے بعد این سی او سی کی جانب سے نیشنل ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے؛ منکی پاکس کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں منکی پاکس کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کر رہی ہیں؛ منکی پاکس کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتوں، حکومت گلگت بلتستان، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز اور بستر منکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کے لئے مختص کیے گئے ہیں ؛ تمام وفاقی اکائیاں منکی پاکس کے حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کوآرڈی نیٹر ٹو پرائم منسٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کو عالمی خطرہ قرار دیا ہے، وزیراعظم نے بھی اس حوالے سے اقدامات کی ہدایات دی ہیں ۔ منکی پاکس کا واحد کیس خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوا،آئیسولیشن ہی واحد حل ہے، کسی بھی شخص کو منکی پاکس سے متاثر ہونے پر سب سے الگ ہو جانا چاہیے،کسی میں علامات ظاہر ہوں تو اسے قرنطینہ کر لیناچاہیے، وائرس کے 90سے 95فیصد مریض صحتیاب ہوجاتے ہیں ۔ 99 ہزار لوگوں میں آج تک یہ وائرس رپورٹ ہوا اور دو سو سے زائد اموات ہوئیں۔ڈاکٹر مختار نے کہا کہ کم قوت مدافعت والے بچے اس سے زیادہ متاثر ہوئے اس کی علامات 4سے 15 دن میں واضح ہوتی ہیں، آئیسولیشن ہی منکی پاکس کا سب سے بہترین علاج ہے۔ خارش ہوتی ہے اور جسم کے کسی بھی حصے میں ہوسکتی ہے، اس خارش سے اسکن میں کوئی انفیکشن ہو تو یہ خارچ ٹرانسفر ہوسکتی ہے اس کا علاج یہ ہے کہ مریض کو آئسولیشن میں رکھا جائے، فیملی ممبرز کو اس حوالے سے آگاہ رہنا چاہیے۔ڈاکٹر مختار نے کہا کہ اس میں بخار والی ادویات کا استعمال کیا جاسکتا ہے شدت اختیار کرنے پر اینٹی وائرس ادویات کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اس کی ویکسین سے ڈبلیو ایچ او نے انکار کیا ہے، ڈی جی ائیر سروسز کو ہدایات جاری کی ہے کہ ائیرپورٹ پر اسکریننگ کی جائے، اس میں محکمہ صحت اور حکومتی مشینری اپنا کردار تو ادا کرے گی لیکن ان ممالک سے آنے والے مسافر بھی با خبر رہیں اور دھیان رکھیں ان کے جسم کے کسی حصے میں خراشیں نہ ہوں ۔ا نہوں نے بتایاکہ منکی پاکس کی جنوبی افریقہ کے انسانوں میں 1970میں تشخیص ہوئی ، بخار ، جسم میں درد ،غدود کا بڑھ جانا منکی پاکس کی علامات ہیں ۔میڈیاکو منکی پاکس سے متعلق آگاہی پیدا کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ 2023سے اب تک ملک میں منکی پاکس کے 11کیس مثبت رپورٹ ہوئے ، منکی پاکس میں بخار کی صورت میں عام بخار کی دوا لی جاسکتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ منکی پاکس کے مریض کو چھونے سے بیماری لگنے کا خدشہ ہوتا ہے تاھم منکی پاکس ہوا کے ذریعے پھیلنے والی بیماری نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ بارڈر ہیلتھ سروسز کو ویجلینس کردیاگیاہے ،تمام بین الاقوامی پروازوں کی سکریننگ ہوگی تاہم یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ بعض مریض بغیر علامات کے بھی ہوسکتے ہیں سو فی صد ٹریکنگ ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ منکی پاکس کا پہلا کیس خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوا ۔بیماری کی تشخیص اور علاج کی بابت آگاہی بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں بھی اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کریں گی ۔



  تازہ ترین   
سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر موصول
آئی ایم ایف کا وفد وزارت خزانہ پہنچ گیا، بجٹ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز
ایران خود کوٹھیک کرلے ورنہ ہم کام مکمل کرینگے، ٹرمپ دورہ چین پر روانہ
امریکی و اماراتی صدور کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو
ایران کا امریکا کیخلاف دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر
دنیا بربریت، تسلط مسترد کرتی ہے تو ایران کیلئے آواز بلند کرے: اسماعیل بقائی
خلیجی ریاستوں کے تحفظ کیلئے حمایت جاری رہے گی، سعودی کابینہ
امریکی ٹی وی کی ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبر گمراہ کن ہے: دفتر خارجہ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر