غزہ (نیشنل ٹائمز )اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے دیر البلاج میں سکول پر حملہ کر کے مزید 100 فلسیطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ قطر، مصر اور امریکا کی جانب سے حماس پر اسرائیل سے مذاکرات کے لئے دباو ڈالا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس تجویز پر مذاکرات کے لئے حامی بھرلی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ 15 اگست کو اسرائیلی وفد مذاکرات میں شرکت کرے گا۔تینوں ملکوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیاہے کہ 15 اگست سے مذاکرات شروع کریں جو دوحا یا قاہرہ میں ہو سکتے ہیں، اب کسی فریق کی طرف سے عذر پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق قطر، مصر اور امریکا، اسرائیل اور حماس پر 15 اگست سے جنگ بندی مذاکرات شروع کرنے پر دباو ڈال رہے ہیں تاہم فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اس حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا۔ادھر غزہ میں اسرائیل نے بمباری کر کے مز ید 8 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ ممکنہ ایرانی جوابی کارروائی کے پیش نظر امریکا کے لڑاکا طیار ے بھی خطے میں پہنچا دیے گئے ہیں۔مشرقی غزہ کے علاقے الدراج میں فلسطینی پناہ گزین سکول پر اسرائیل کے حملے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔اسرائیل نے فجر کی نماز کے دوران سکول پر حملہ کیا اور اس حوالے سے اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ سکول حماس کا ہیڈ کوارٹر تھا جہاں دہشت گرد موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک39 ہزار 700 فلسطینی شہید اور 91 ہزار 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔



