کراچی ( نیشنل ٹائمز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کو گورنرہاؤس کے اندر دھرنا دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پر بھی آواز بلند کریں، ان مسائل میں بھی آپ کے ساتھ ہوں۔ میڈیا کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کارکنان کو دھرنے کی پیشکش پر کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں ، گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھل چکے ہیں، آپ بھی اندر آجائیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئی ٹی کورسز میں داخلہ لینے کیلئے دھرنے میں شریک نوجوان تعلیمی اسناد ساتھ لائیں، سب کو آئی ٹی کورسز کرانے کو تیار ہوں تاکہ یہ ہنر مند بن سکیں، راشن کیلئے کسی تعلیمی اسناد کی ضرورت نہیں صرف شناختی کارڈ پر مل جائے گا۔
برسات کا موسم ہے آجائیں آپ کو پکوڑے بھی کھلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی آئی ٹی کلاسز ہورہی ہیں، قیادت رات آئی ٹی مارکی میں بسر کرسکتی ہے، آئی ٹی مارکی میں اے سی لگے ہیں گرمی کا احساس بالکل بھی نہیں ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پر بھی آواز بلند کریں۔ مجھے بتائیں کہاں دھرنا دینا ہے ان مسائل میں آپ کے ساتھ ہوں۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فارم سنتالیس والے خیال کریں، خالص عوامی مطالبات کو سیاست کا رنگ نہ دیا جائے، جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے، کسی کو اچھا لگے یابرا یہی سیاست جاری رہے گی، شدید بارش اور آندھی کے باوجود آج (ہفتہ) سے کراچی کا دھرنا شروع ہوجائے گا، حق دو تحریک بتدریج پورے ملک میں پھیلائیں گے، مطالبات سیدھے سادھے ہیں، حکومت کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں۔



