اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج کو تبدیل کر دیا گیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت نمبر 1 کا جج تعینات کیا گیا ہے،وزارت قانون نے نئے ججز کی تعیناتیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد علی وڑائچ اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کرتے تھے، محمد علی وڑائچ کو احتساب عدالت نمبر 1 کا اضافی چارج دیا گیا تھا جبکہ گریڈ 20 کی جج عابدہ سجاد کو احتساب عدالت نمبر 3 کا جج تعینات کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے متعدد ججز کی تعیناتیوں کی نامزدگی کی سفارش کی تھی۔دریں اثناءاسلام آباد ہائی کورٹ کا آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا۔
چیف جسٹس کی ہدایت پر ایڈیشنل رجسٹرار نے ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کیا گیا ۔ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 5 اگست سے 9 اگست تک صرف 3 ججز دستیاب ہونگے ، آئندہ ہفتے کیسوں کی سماعت کیلئے 3 سنگل اور 1 ڈویڑن بینچ تشکیل دیا گیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیسوں کی سماعت کیلئے دستیاب ہونگے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر بھی آئندہ ہفتے کیسوں کی سماعت کیلئے دستیاب ہوںگے جبکہ دیگر پانچ ججز آئندہ ہفتے تعطیلات کے باعث دستیاب نہیں ہونگے۔آئندہ ہفتے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کا ڈویژن بنچ دستیاب ہوگا ، آئندہ ہفتے ضرورت کے پیش نظر خصوصی ڈویڑن بینچ اور لارجر بینچ بھی دستیاب ہو گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات 10 جولائی سے 10 ستمبر تک ہیں۔خیال رہے کہ احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد علی وڑائچ کو احتساب عدالت نمبر ایک کا اضافی چارج سونپا گیاتھا۔جج محمد علی وڑائچ کو 3 ماہ کیلئے احتساب عدالت نمبر ایک کا اضافی چارج سونپا گیا تھا۔وزارت قانون و انصاف نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔



