ڈھاکہ(نیشنل ٹائمز) کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونیوالے پر تشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد بنگلا دیش حکومت نے جماعت اسلامی اور اس کی طلبا تنظیم چھاترو شبرپر پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش میں حسینہ واجد کی حکومت نے جماعت اسلامی کو عسکری و دہشت گرد تنظیم قرار دے کر پابندی لگائی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی اور اس کے طلبا ونگ کو حالیہ طلبا احتجاج میں تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے،جماعت اسلامی پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی لگائی گئی ہے، مقامی میڈیا کے مطابق جماعت اسلامی پر پابندی کا فیصلہ گزشتہ دنوں 14جماعتی حکومتی اتحاد کے اجلاس میں ہوا تھا، جسے جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنمائوں نے غیر قانونی، غیر آئینی اور ماورائے عدالت قدم قرار دیا،یاد رہے کہ سرکاری ملازمتوں کے کوٹا سسٹم کے خلاف پچھلے ماہ طلبا نے احتجاج کیا تھا، طلبا مظاہروں کے خلاف کریک ڈائون میں 200سے زیادہ مظاہرین جاں بحق ہوئے تھے اور پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈائون میں 10ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔
بنگلادیش میں جماعت اسلامی پر پابندی عائد کر دی گئی



