کراچی (نیشنل ٹائمز ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے دورے کے موقع پر وزیر اعظم کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچے جہاں شہباز شریف نے کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں شہباز شریف کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، میری حال ہی میں اپنے دورہ قازقستان کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے، وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری لانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدید مشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے اور بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے۔



