پشاور(نیشنل ٹائمز) خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع باجوڑ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموندکے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کے ساتھ ساتھ ملک عرفان آف نیاگ بانڈہ اور نظر دین آف ناوگئی جاں بحق جاں بحق ہو گئے۔دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے کی اطلاع پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔سابق سینیٹر ہدایت اللہ اپنے بھتیجے اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے۔22 سے آزاد امیدوار نجیب اللہ کی الیکشن مہم کے لیے ڈمہ ڈولہ گئے تھے۔وہ سابق گورنر شوکت اللہ کے بھائی اور سابق ایم این اے حاجی بسم اللہ خان کے بیٹے بھی تھے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے ضلع اورکزئی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔ سکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق برآمد اسلحہ میں 6راکٹ لانچر گولے ،06 عدد بوسٹر آر پی جی 7 ، 9ہینڈگرنیڈ اور 30 کارتوس شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بارود،سیفٹی فیوز،نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر،نٹ بولٹ،کیل اور گھی کے ٹین میں بنائی گئی دیسی ساختہ آئی ای ڈی بھی برآمد ہوئی۔
خبرنمبر 194…… 03 جولائی 2024ئ……
باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 3افراد جاں بحق



