اسلام آباد(نیشنل ٹائمز):انگلش کرکٹ ٹیم 17سال بعد دورہ پاکستان پر ہے ،دونوں ٹیمیں سات ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلیں گی۔شائقین پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اس قدر پرجوش ہیں کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی 4 میچز کی تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے ہیں، یہاں تک کہ چاروں میچز کے وی آئی پی 1500 روپے والے ٹکٹس بھی فروخت ہو چکے ہیں صرف دوسرے روزکے میچز کی کچھ ٹکٹس باقی ہیں۔ کراچی میں ہونے والے پاک انگلینڈ سیریز کے ابتدائی 4 میچز کی ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، چوتھے اور آخری میچ کیلئے تمام انکلوژرز کی ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں،قادر ،عمران خان اور ماجد خان انکلوژرکے 750روپے والے ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں۔جبکہ دوسرے میچ کے چند ٹکٹس باقی ہیں ،واضح رہے کہ انگلش ٹیم 17سال بعد پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کیلئے آئی ہے ، انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے ابتدائی 4 میچز کراچی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تین میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔پاکستانیوں کا یہ جوش و خروش دیکھ کر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی حیران رہ گئی۔اتنی جلدی تمام ٹکٹس کی فروخت ہونے سے آئی سی سی بھی پاکستان کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی دینے پر سوچے گا۔پاکستان میں 2009میں ہونیوالے سری لنکا ٹیم پر حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھےاور مسلسل 12سال پاکستان نے کسی انٹرنیشنل ٹیم کی میزبانی نہیں کی البتہ کوششیں ضرور ہوئیں۔پی سی بی کی انتھک کوششوں سے پہلے چھوٹی ٹیمیں پاکستان آئیں پھر آسٹریلیا اور اب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ کرنا کرکٹ کےشائقین کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔انگلش کرکٹرز بھی پاکستان آکر انتہائی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز منگل سے شروع ہورہی ہے تاہم اس کے حوالے سے جوش و خروش کافی عروج پر پہنچ چکا ہے، دونوں ہی سائیڈز ایک دوسرے کی صلاحیتیں آزمانے کو بے چین ہیں۔انگلش کپتان جوز بٹلربدقسمتی سے زخمی ہو گئے جس کی وجہ سے انگلش ٹیم کی کپتانی معین علی کریں گے۔معین علی نے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کی بی ٹیم نہیں، ہمارے کئی کھلاڑی انجری کا شکار ہیں، اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ دیگر کھلاڑی باصلاحیت ہیں، ہماری ٹیم میں شامل نئے پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ وہ خود کو منوائیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پیش کر چکے ہیں، ہم ان کی موجودگی اور تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جوز بٹلر سیریز تمام میچز سے باہر ہوئے یا چند میچز میں ان کی خدمات دستیاب ہو سکیں گی، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، ہم جوز بٹلر کو ٹیم میں شامل کرکے رسک نہیں لینا چاہتے، پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں لیکن دونوں ٹیمیں اسپینرز کو اچھا کھیلتی ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینے والے ثقلین مشتاق جب ہمارے کوچ تھے تو ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔اسی طرح قومی ٹیم میں کم بیک کرنیوالے شان مسعود کا کہنا ہے کہ مجھے جس نمبر پر بھی موقع ملا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے پاکستانی بیٹر شان مسعود نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ انگلینڈ وائٹ بال کی بہترین ٹیم ہے، میں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلی ہے جس سے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہوا، انگلش ٹیم ہمیں یہاں پر چیلنج کرے گی، ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف اچھی تیاری ہوگی۔شان مسعود کو فخرزمان کی جگہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں جہاں پی سی بی کی انتھک محنت ہے وہیں سیکیورٹی اداروں نے بھی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے دروازے کھولے ہیں۔ بلاشبہ سیکیورٹی اداروں نے اپنا فرض بخوبی ادا کیا جس کی وجہ سے آج پاکستان میں ایک بار پھر کرکٹ گرائونڈز کی رونقیں بحال ہوئی ہیں اور پوری قوم کرکٹ کی واپسی پر انتہائی پرجوش ہے۔
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بحالی پر عوام پرجوش۔۔ ابتدائی 4میچز کے تمام ٹکٹس فروخت



