اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے ہمراہ پاکستان فلڈ رسپانس پلان 2022 کا اجرا کردیا۔یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنس کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے 35 ارب روپے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے وقف کیے ہیں، جاں بحق افراد اور زخمیوں کیلیے بھی رقم مختص کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بڑی تباہی ہوئی ہے، سیلاب سے 20 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تباہی میں عوام کی مدد پر ملٹری و سول ایڈمنسٹریشن قابل تعریف ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین میں 25 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے مرحلے سے نکلیں گے تو تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہوں گے۔اس موقع پر یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنس نے کہا کہ میں سندھ، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گیا، بڑا سیلاب موسمیاتی تغیر کی وجہ سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسا ملک اس بڑی سطح کی تباہی کا شکار ہوتا ہے تو یہ مشکل مرحلہ ہوتا ہے، آنے والے دن بہت سرد ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے ہمراہ پاکستان فلڈ رسپانس پلان کا اجرا کردیا



