اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے دھمکی آمیز خط کیس میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، ممبئی پولیس نے اداکار کے والد سلیم خان کو خط پہنچانے میں ملوث افراد کی شناخت کرلی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے بتایا کہ ’جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو خط جاری کیا تھا، اُن کے گینگ کے تین لوگ راجستھان سے اس خط کو چھوڑنے کے لیے ممبئی آئے تھے‘۔پولیس نے مزید کہا کہ ’کرائم برانچ نے ان لوگوں کی شناخت کر لی ہے جنہوں نے یہ خط پہنچایا تھا، ان سے متعلق چند شواہد ملے ہیں، انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا‘۔ممبئی پولیس نے یہ بھی کہا کہ ’ان کی شناخت کے فوراً بعد، 6 ٹیمیں بھارت کے مختلف حصوں میں روانہ کی گئی ہیں‘۔یاد رہے کہ اس سے قبل گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اسٹار سلمان خان کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا تھا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں ہے کہ سلمان خان کے لیے خط کس نے لکھا ہے۔خط میں بتائے گئے گولڈی برار کے نام کے بارے میں پوچھے جانے پر بشنوئی نے کہا تھا کہ برار کی اداکار سے کوئی دشمنی نہیں اور انہیں دھمکی دینے کی کوئی وجہ بھی نہیں تھی۔
سلمان خان کو دھمکی آمیز خط بھیجنے والے کا نام سامنے آگیا



