نئی تاریخ رقم ہوگئی، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی

اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، پہلی بار کسی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پر عمران خان کے خلاف ووٹ دے کر انہیں عہدے سے ہٹادیا۔ تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ پڑے۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور شوکت عزیز کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تھی جو ناکام رہی تھیں۔

 

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور پینل آف چیئر ایاز صادق کے حوالے کرکے ایوان سے چلے گئے۔ ان کے ساتھ ہی تحریک انصاف کے تمام ارکان بھی ایوان سے باہر چلے گئے۔ اسد قیصر کے جانے کے بعد ایاز صادق نے سابق سپیکر کی تعریف کی اور اسمبلی کے ضوابط پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد ان کے حکم پر پانچ منٹ تک قومی اسمبلی میں گھنٹیاں بجائی گئیں اور اس کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کرکے ووٹنگ شروع کردی گئی۔ارکان کی گنتی شروع ہونے سے پہلے ایاز صادق نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا متن پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد انہوں نے ارکان سے تجویز مانگی کہ یا تو اجلاس کو ملتوی کرکے دوبارہ اجلاس بلایا جائے یا پھر سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ابھی ووٹنگ شروع کردی جائے۔

 

ارکان کے اصرار پر انہوں نے اسی اجلاس کو جاری رکھا تاہم کچھ ہی دیر بعد رات کو 12 بجے نیا سیشن شروع ہوگیا۔قومی اسمبلی کے سیشن کا آغاز تلاوت، نعت رسول مقبول ﷺ اور اس کے بعد قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی جو منظور کرلی گئی جس کے بعد ووٹنگ کا آغاز کیا گیا۔ اپوزیشن کے ارکان نے باری باری اپنی حاضری لگوائی اور گیلری میں ایک طرف جمع ہوتے رہے۔ عمران خان کے خلاف ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے بغیر ہی اپوزیشن نے اپنے نمبرز پورے کرلیے۔

“ویلکم بیک ٹو پرانا پاکستان”

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام لوگوں کو پرانے پاکستان میں خوش آمدید ،نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کچھ بھی نا ممکن نہیں ۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ دس اپریل پاکستان کا 1973کا آئین بنا، دس اپریل کو بے نظیر بھٹو جلا وطنی ختم کر کے پاکستان واپس لوٹیں اور آج دس اپریل کو پرانے پاکستان میں خوش آمدید ۔انہوں نے کہا کہ مجھے تین سال ہو گئے ہیں اس ہاوس میں ،جتنا میں نے ان تین سالوں میں سیکھا شائد ساری زندگی نہیں سیکھا ، پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ کچھ بھی نا ممکن نہیں ہے۔

“ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کو مل کر عظیم بنانا چاہتے ہیں” نامزد وزیر اعظم شہباز شریف

نامزد وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گا، وہ اپنے قائد میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تمام ساتھیوں نے جیلیں کاٹی ہیں، تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ہماری بہنوں ، بیٹیوں نے بھی جیلیں کاٹیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ہم کسی سے نہ بدلہ لیں گے اور نہ ہی کسی کو بے قصور جیلوں میں بھجوائیں گے لیکن قانون اور انصاف اپنا راستہ لیں گے، کوئی اس میں مداخلت نہیں کرے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار کے ساتھ کیا:
جب اپنا قافلہ عزم و یقیں سے نکلے گا
جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے
مجھے یقیں ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا



  تازہ ترین   
آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ، 20 نشستوں پر پولنگ جاری، ایک حلقے میں ووٹنگ ملتوی
ایران میں تبدیلی سے مراد نظام کا خاتمہ نہیں، رویوں میں تبدیلی ہے: مارکو روبیو
ایران کا پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ سے رابطہ، امریکا کو مزید حملوں سے خبردار کر دیا
صدر پزشکیان کا ایرانی قوم کو جنگ کے دوران ثابت قدم رہنے پر خراجِ تحسین
مزید جنگی جہاز نہ بھیجا تو اسرائیل کے بجائے امریکی دفاع کے انتخاب پر مجبور ہوں گے: امریکی جنرل
ایرانی انفراسٹرکچر پر حملوں کا نتیجہ امریکی حاکمانہ نظام کی تباہی ہوگی، محمد مخبر
ماسکو: معروف ریستوران میں خودکش دھماکا، 3 افراد ہلاک، 21 زخمی
پاکستان اور چین کی افواج علاقائی امن و استحکام کیلئے شانہ بشانہ ہیں: فیلڈ مارشل





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر