ملتان(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کی سولر ائز یشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کا منتخب نمائندہ اور ملتان کی مٹی کا سپوت ہونے کی حیثیت میں سوال کرتا ہوں کہ وزیراعظم پاکستان کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھے جانے والے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر بارے ابھی تک کوئی پیش رفت کیوں نہیں ہوئی ہے۔ اس پروجیکٹ کے لئے چار ارب روپے مختص کئے گئے ۔11 ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک اس رقم کو استعمال میں نہیں لایا جاسکا۔جبکہ روا ں مالی سال کے اختتام میں 23 دن باقی ہیں میں اس خطے کے منتخب نمائندہ کے طور پر وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتا ہو ں کہ وہ عوامی نوعیت کے مسائل پر توجہ دیں ۔ اور وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے عوام سے کئے گئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر اور فنگشنل کرنے کے وعدے کو پورا کریں ۔ اور میں اس وعدہ کی تکمیل تک یادہانی کرواتا رہوں گا۔ اس خطے کے اراکین اسمبلی سے درخواست کرونگا کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیں۔وزیراعلی پنجاب سے گزارش کرتا ہوں ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کی چیکنگ کیلئے ٹیم تشکیل دیں جو چیک کرکے بتائیں کہ وہ افسران کتنے دن اپنے دفاتر میں موجود ہوتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے افسران سے گزارش کروں گا کہ ملتان اور بہاولپور میں بھی تھوڑا وقت گزار لیں۔وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں موجود ہوں اور مکمل اختیارات کے ساتھ عوامی مسائل حل کریں ۔ سیکریٹریٹ کے قیام کے لئے افسران کی موجودگی اور باختیار ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب اس خطے کے سپوت ہیں۔ اور ان کا تعلق اس مٹی سے ہے۔ ہم سازشی عناصر نہیں بلکہ ہم آپ کی مضبوطی کیلئے آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس خطے کا منتخب نمائندہ ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم اس خطے کی مٹی سے وفا کریں ۔اس خطے کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا ہمیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہوگا۔ تقریب میں وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ پی ٹی آئی ضلع ملتان کے صدر چودھری خالد جاوید وڑائچ ودیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔انہو ں نے کہا بد قسمتی سے ماضی میں کسی بھی منصوبے میں صحیح اور ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کا خمیازہ ہماری قوم بھگت رہی ہے۔ ہم صحیح منصوبہ بندی کرکے نہ صرف عوام کا پیسہ بچا سکتے ہیں ۔ بلکہ وہی پیسہ عوام کو صحت کی سہولیات ودیگر ترقیاتی منصوبوں پر خر چ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے چیلنجز میں سے ایک مہنگی بجلی ہے۔ بجلی منصوبوں کے معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لینا ممکن نہیں تھا۔ عمران خان کی حکومت نے تھرمل سے رینیو ایبل انرجی پر فوکس کیا ہے۔ اگلے دس سالوں میں ہائیڈل منصوبے لگیں گے، سستی پن بجلی دستیاب ہوگی۔ گلیشیر سے پاکستان 50 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سولر اور ہائیڈل پراجیکٹس کی وجہ سے بجلی کے بڑھتے نرخ میں رکاوٹ آئے گی۔انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے کہ آج جس ریٹروفٹنگ پراجیکٹ کا افتتاح ہو رہا ہے اس کا نشتر اسپتال کو فائدہ ہوگا۔نشتر ہسپتال میں 4 کروڑ 60 لاکھ کے منصوبہ سے سالانہ 3 کروڑ سے زائد کی بچت ہوگی۔چلڈرن ہسپتال میں ساڑھے تین کروڑ کے پراجیکٹ سے سالانہ ایک کروڑ 75 لاکھ بچت ہوگی۔سولر توانائی ماحول دوست اور سستی ہوگی۔سولر توانائی پر منتقل ہونے سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوگی ۔پنجاب میں سولر پینل کے جو منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ ان کی تکمیل سے ملکی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اور اس کا کریڈٹ صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک، ان کی ٹیم اور پنجاب حکومت کو جاتا ہے۔ جو عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو سہولیات دینے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا سولر انرجی پر منتقلی پنجاب حکومت کا خوش آئند اقدام ہے۔ بجلی بچائیں گے تو آنے والی نسل کو فائدہ ہوگا۔ ملتان میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور چلڈرن کمپلیکس سمیت دیگر اداروں کا سولر ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے سے نہ صرف غیر ضروری اخراجات میں کمی ہوگی بلکہ اس کی بدولت جو پیسہ بچے گا وہ عام آدمی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا عمران خان نے نیا پاکستان کا نعرہ لگایا اور ہم نے نیا پنجاب سولر کا نعرہ لگایا۔ ماضی میں توانائی کے شعبے میں بے تحاشہ کرپشن ناقص منصوبہ بندی کی گئی۔ جس کی بدولت وزارت توانائی نقصان میں جا رہی تھی۔ ہمارے اقدامات کی بدولت وزارت توانائی منافع کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے تقریب کیلئے وقت نکالنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر مملکت ملک عامرڈوگر ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی ‘ چودھری خالد جاوید وڑائچ کے ہمراہ چلڈرن کمپلیکس ملتان اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سولرائزیشن پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔اس موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود ‘ پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی‘ ڈاکٹر شاہد راؤ ‘ پروفیسر ڈاکٹر مسعودرؤف ہراج‘ ڈاکٹر عباس نقوی سمیت ڈاکٹر تنظیموں کے عہدیداروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کیا درخواست کردی؟



