اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ کو اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان ہمارا ہمسایہ اور اہم برادر ملک ہے۔دونوں ممالک یکساں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں ۔دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے دیرپا سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ وزیر خارجہ افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے ۔ وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی باوقار اور جلد وطن واپسی کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات



