اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ بعض لوگ بلاوجہ اداروں پر الزام تراشی کررہے ہیں، انہیں اندازہ نہیں کہ پاکستان کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اس سے کیانقصان پہنچتا ہے، اسدطور پر حملے کے ملزمان کے پکڑے جانے سے ان کا منہ بند ہو جائے گا، پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے، عمران خان کی حکومت نے کویت کےلئے ویزے بحال کرائے، پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔ منگل کو یہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک روزہ دورے پر کویت گیا۔ کویت کے لئے میڈیکل، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں مواقع اور فیملی ویزہ کی سہولت بحال ہو گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔ یہ بہت بڑا مسئلہ تھا جو ان کی حکومت نے حل کیا۔ سعودی عرب میں 30 لاکھ ملازمتوں کے مواقع ہیں جس میں سے 30 فیصد پاکستانیوں کوملیں گی۔ غیر ملکی ترسیلات زر کا پاکستانی معیشت میں بڑا کردار ہے۔ پاکستانی معیشت کو اس سے استحکام حاصل ہو گا۔ پاکستان سے ڈاکٹرز اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افرادی قوت کویت میں ملازمتوں کے لئے جائے گی۔ 425 ڈاکٹرز اسی ہفتہ چلے جائیں گے۔ کویت میں قید 52 پاکستانیوں میں سے 6 واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سائبر کرائمز کے 94 لاکھ کیسز تھے ، میرےدور میں 36ہزار رپورٹس ہیں جن میں سے 5 ہزار 355 انکوائریاں ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں 399 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امید ہے کہ اسد طور کے کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے۔ نادرا ، ایف آئی اے اور پولیس مل کر اس واقع کی تحقیقات کررہے ہیں۔ فنگر پرنٹس سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ اگر اس سے بھی ملزمان کی نشاندہی نہ ہوئی تو اشتہار دیں گے۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ حملہ کرنے والے پہلے بھی اس عمارت میں آئے تھے۔ ایک آدمی کی شناخت کے قریب ہیں۔ اس واقعہ کے ملزمان کو پکڑنا ضروری ہے کیونکہ بعض لوگ غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے حساس اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ملزمان کے پکڑے جانے سے ان کے منہ بند ہو جائیں گے جو اپنی کمپنی کی مشہوری کے لئے بلاوجہ اداروں پر الزام تراشی کررہےہیں۔ انہیں اندازہ نہیں ہے کہ اس طرح کی الزام تراشی سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سائبر ونگ کو جدید ترین آلات سے لیس کر رہے ہیں، انہیں نیا یونیفارم مہیا کریں گے، سٹاف کی کمی بھی دور کی جائے گی۔ نادرا کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں پر مذموم سوچ اور خاص مقاصد کے لئے بلا وجہ الزام تراشی قابل مذمت ہے۔ میں نے حامدمیر کا پروگرام بند نہیں کیا۔ وزیر داخلہ نےپ کہا کہ حکومت کے لئے اسد طور حملے کے ملزمان پکڑنا اہمیت کا حامل ہے۔ صحافیوں پر حملوں کے واقعات سے حکومت پر سوالیہ نشان اٹھتا اور انسانی حقوق کا مسئلہ بھی بنتاہے۔بعض لوگ جن کا مقصد کچھ اور ہوتاہے وہ ایسے واقعات سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور اداروں پر الزام لگاتے ہیں۔ ایسے واقعات میں ملو ث افراد کڑی سزا ملنی چاہیے۔ اس حوالے سے پالیسی بننی چاہیے۔ صحافیوں کو اسلام آباد میں پلاٹس آلاٹ کئے جانے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ جن صحافیوں کو پہلے پلاٹ نہیں ملے انہیں پلاٹ دیئے جائیں گے اور صحافتی تنظیموں کے ذریعے یہ کام کیاجائے گا۔ ہم اس حوالے سے خود کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔ صحافتی تنظیمیں جو فیصلہ کریں گی اس کا اشتہار دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔ میں نے کہا تھا کہ نون میں سے شین نکلےگی،اسی طرح نکلتی ہے۔ پی ڈی ایم میں اب صرف فضل الرحمن اور نون لیگ رہ گئی ہے۔ دو پارٹیاں پی ڈی ایم میں ہیں ، دو باہر ہیں اور اب یہ صرف میڈیا کی حد تک ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کویت کے لئے ویزے بحال ہونا بہت اہم ہیں۔ یہ بہت بڑا مسئلہ تھا جو عمران خان کی حکومت نے حل کیا ہے۔\
اسدطور پر حملے کے ملزمان کے پکڑے جانے سے اداروں پر الزام تراشی کرنے والوں کا منہ بند ہو جائے گا، پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد



