نجف اشرف(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجف اشرف میں معروف مذہبی سکالر اور علمی شخصیت، آیۃ اللہ بشیر حسین نجفی کے دفتر آمد۔آیتہ اللہ بشیر حسین نجفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ کی آیتہ اللہ بشیر حسین نجفی سے ملاقات میںاتحاد بین المسلمین، زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار، دو طرفہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔ہر سال دو لاکھ سے زائد پاکستانی بغداد، نجف اور کربلا میں مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے عراق آتے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان زائرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے “زائرین مینجمنٹ پالیسی” اپنا رہی ہے جسے موثر بنانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی – وزیر خارجہ نے اتحاد بین المسلمین اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کیلئے علماء کرام کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔آیتہ اللہ بشیر حسین نجفی نے وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، فلسطین میں قیام امن کیلئے شروع کیے گئے سفارتی مشن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجف اشرف میں معروف مذہبی سکالر اور علمی شخصیت، آیۃ اللہ بشیر حسین نجفی کے دفتر آمد



