اوکاڑہ(نیشنل ٹائمز)کوونا وائرس کی وبا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے لاک ڈاون کے باعث جو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم کے میدان میں استعمال ہو رہی ہے، اس سے طلباء کے لیے ملازمت کے بیشتر مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنی فیکلٹی سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی جاب مارکیٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عروج ہو گا اور جو طلباء ابھی سے اس ماحول کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال لیں گے اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں اور مہارتیں حاصل کر لیں گے ان کےلیے روزگار کے مواقع زیادہ وسیع اور متنوع ہوں گے۔ پروفیسر زکریا نے مزید بتایا کہ کرونا کی وبا نے تعلیم، کاروبار اور ابلاغیات کے روایتی طریقوں کو تبدیل کردیا ہے اور اب زندگی کے ہر میدان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنانا محض انتخاب نہیں بلکہ ضرورت بن گیا ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی گزشتہ برس کے آغاز سے اپنے سترہ ہزار طلباء کو کامیابی سے آن لائن تعلیم مہیا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ایک خطیر رقم خرچ کر کے اوکاڑہ یونیورسٹی کو ایک اسمارٹ کیمپس میں تبدیل کیا ہے، جہاں پہ اساتذہ اور طلباء کو علم کے وسیع آن لائن ذرائع تک آسان رسائی حاصل ہے اور وہ معمول کی تعلیمی سرگرمیوں کو بھی موثر طریقے سے چلا رہے ہیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم کے ساتھ طلباء کےلیے ملازمت کے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے: پروفیسر زکریا



