اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستان کی ایک اور بڑی سفارتی کامیابی19مئی کو پاکستان نے او آئی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے پیش نظر ہیومن رائٹس کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے کی درخواست کی۔ 27 مئی کو اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کا بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔پاکستان نے او آئی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے، ہیومن رائٹس کونسل کے اس خصوصی اجلاس میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے جانے اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کمیشن بنانے کی قرارداد پیش کی تھی۔وزیر خارجہ نے ہیومن رائٹس کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا پرزور مطالبہ کیا۔ فلسطین کے حوالے سے منعقدہ، ہیومن رائٹس کونسل کے خصوصی اجلاس میں، بحث کے بعد، اس قرارداد کو واضح اکثریت سے منظور کر لیا گیا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے اس قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیاگیا۔ وزیر خارجہ نے نیویارک اور جنیوا میں پاکستانی مشنز کی انتھک محنت اور کارکردگی کو سراہا۔
فلسطین کے حوالے سے پاکستان کی ایک اور بڑی سفارتی کامیابی



