اسلا م آباد(نیشنل ٹائمز)صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔دوران ملاقات مسئلہ فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیرخارجہ نے صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے، صدر جنرل اسمبلی کی بھرپور کاوشوں کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے “سیز فائر “پہلا مقصد تھا جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اصل مقصد، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہے۔ مسئلہ فلسطین کو مستقل بنیادوں پر حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں قیام امن بعید از قیاس ہے۔ اسی طرح مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے صدر جنرل اسمبلی کے اقدام “ویکسین فار آل” کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وبا سے مکمل چھٹکارے کیلئے ضروری ہے کہ سب کو محفوظ بنایا جائے۔
صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات



