لاہور(نیشنل ٹائمز)ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) نے ایشیا کپ کے التوا کی باضابطہ تصدیق کردی 2021 کا ٹورنامنٹ اب 2023میں منعقد ہوگا۔ایشیا کپ 2021کو آفیشل طور پر اب 2برس کیلیے ملتوی کردیا گیا ہے، یہ ٹورنامنٹ اب 2023میں منعقد ہوگا، ایشین کرکٹ کونسل نے یہ فیصلہ مصروف ترین انٹرنیشنل شیڈول اور کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا۔ایشیائی کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اے سی سی ایگزیکٹیو بورڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش خطرے اور پابندیوں کی وجہ سے ایشیا کپ 2020کو 2021تک ملتوی کرنے کا ایک مشکل فیصلہ کیا تھا۔ تب سے اب تک کونسل تمام شرکا اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کے اسی سال انعقاد کو یقینی بنانے کیلیے کام کرتی رہی تاہم مصروف ترین فیوچر ٹور پروگرام کی وجہ سے کونسل اس نتیجے پر پہنچی کہ رواں برس کوئی بھی ایسی ونڈودستیاب نہیں ہے جس میں تمام شرکا ممالک دستیاب ہوں۔ایگزیکٹیو بورڈ نے درپیش صورتحال کا نہایت ہی احتیاط کے ساتھ جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچی کہ ایونٹ کو ایک بارپھر منتقل کرنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے، 2021کا ایڈیشن اب 2023میں منعقد ہوگا کیونکہ 2022میں پہلے ہی ایک ایشیا کپ شیڈول ہے، آنے والے ٹورنامنٹس کی تاریخوں کا تعین آنے والے وقت میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایشیا کرکٹ کونسل نے لگاتار دوسرے برس اپنے شوپیس ایونٹ کو ملتوی کیا ہے جوکہ اصل میں ستمبر 2020میں شیڈول تھا، تب اس کی میزبانی پہلے پاکستان نے کرنا تھی تاہم یہاں پر کورونا وائرس کی وجہ سے پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو اپنا ایونٹ دیتے ہوئے اس سے 2022کے ٹورنامنٹ کی میزبانی لے لی تھی مگر 2021کا ایڈیشن ملتوی ہونے کی وجہ سے اب ایک بار پھر پاکستان کی میزبانی کا نمبر پہلے آگیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے التوا کی باضابطہ تصدیق کردی



