اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)مسلم ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء متحدہ عرب امارات، دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ایک کڑی ہے۔وزیر خارجہ دورہ یو اے ای میںاپنے اماراتی ہم منصب سمیت، متحدہ عرب امارات کی دیگر قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات ، باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ ، پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقعوں کی دستیابی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے ۔ اپنے اس دورہ کے دوران متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے،متحدہ عرب امارات میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی وزیر خارجہ کے وزٹ شیڈول میں شامل ہے ،توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے تاریخی ،مذہبی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ



