دُبئی(نیشنل ٹائمز) متحدہ عرب امارات نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا جو ایسے جدید ترین سیفٹی فیچرز سے آراستہ ہوں گے، جن کی نقل کرنا تیار بہت مشکل ہوگا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اماراتی حکومت نے نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے۔یہ کرنسی نوٹ امارات کے قیا م کے پچاس سال پورے ہونے پر جاری کیے جا رہے ہیں۔یو اے ای کی سات ریاستوں نے مل کر 1971ء میں ایک مشترکہ مملکت کا قیام کیا تھا۔ سال 2021ء میں امارات کو وجود میں آئے 50 سال پورے ہو گئے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ گولڈن جوبلی سال ہے۔ رواں سال اس حوالے سے بہت سے جشن منائے جا رہے ہیں اور تقریبات کا انعقاد بھی ہو گا۔ یو اے ای کے نائب وزیر اعظم، وزیر برائے صدارتی اور چیئرمین سنٹرل بینک شیخ منصور بن زاید النہیان کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کا اعلان ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا جس کی صدارت انہوں نے کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گولڈن جوبلی سال منانے کے لیے نئے کرنسی نوٹ جلد جاری ہو جائیں گے۔ یہ نئے کرنسی نوٹ جدید ترین سیکیورٹی فیچرز سے مزین ہوں گے۔اس طرح یہ نوٹ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہوں گے۔ اس اجلاس کے دوران خالد محمد بن سالم بالم تمیمی کو سنٹرل بینک کا نیا گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا یہ فیصلہ موجود ہ گورنر عبدالحامد محمد سعید الاحمدی کی جانب سے ریٹائر ہونے کے ارادے کے بعد کیا گیا ہے۔سنٹرل بینک کے نئے گورنر خالد تمیمی بینکس، فنانشل سروسز ایسٹ مینجمنٹ اور انویسٹمنٹ کے شعبوں میں 30 سا ل سے زائد عرصہ فرائض نبھانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اس سے پہلے وہ سنٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس اجلاس میں سنٹرل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر نئے قومی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ سنٹرل بینک کی جانب سے کورونا سے متاثرہ اداروں اور افراد کے لیے 50 ارب درہم کے امدادی پیکیج کی مُدت 2021ء تک بڑھا دی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا



