لاہور (نیشنل ٹائمز ) پاکستانی کپتان بابراعظم کا خیال ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ٹیم کے لیے اب بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ ٹیم مڈل آرڈر میں ان جیسے بلے باز کی ضرورت ہے، انہوں نے یہ اشارہ بھی کیا کہ سابق کپتان مستقبل میں پاکستان لائن اپ کا باقاعدہ حصہ بھی ہوسکتے ہیں۔ دانش عزیز اور آصف علی کے پہلے دو میچز میں ناکام رہنے کے بعد سرفراز کو تیسرے ون ڈے میں پہلی بار پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔انہوں نے 13گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ بابراعظم کاکہنا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ ہمارا مڈل آرڈر جدوجہد کرتا ہے لیکن میرے خیال میں اس کی پرفارمنس اتنی بھی بری نہیں ہے جتنی بعض لوگوں نے بنادی ہے۔ ہمارے مڈل آرڈر میں ایک خلاء موجود ہے جہاں ہمیں ایک خاص قسم کے کھلاڑی کی کمی محسوس ہورہی ہے جسے ہم بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے ہم سرفراز کو آزمانے کے لیے لیکر آئے،ہم بینچ پر موجود تجربے کو بروئے کار لانا چاہتے تھے لہذا ہم سرفراز کو اندر لے آئے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز ہمارے ساتھ ہیں کیونکہ ہمیں ان پر اعتماد ہے، ون ڈے کرکٹ میں ہم انہیں بطور وکٹ کیپر اور بلے باز زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ پانچویں نمبر پر آپ کو کھیل کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے جس کا ہمیں یقین ہے کہ سرفرار کرسکتے ہیں، مڈل آرڈر جدوجہد کر رہا تھا اور حالانکہ آج سرفراز احمد زیادہ رنز نہیں بنا سکے لیکن پوری ٹیم نے جیت حاصل کرنے میں اپنا اپنا کردار نبھایا۔یاد رہے کہ بدھ کو کھیلے گئے تیسرے میچ میں فخرزمان نے 101 رنز بنائے، دوسرے ون ڈے میں انھوں نے 193 رنز بنائے تھے۔ اب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہفتے سے 4 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کے مستقبل سے متعلق فیصلہ سنا دیا



